(05 مئی 2020) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے وزی خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے عمان کے وزیر خارجہ کو وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گلوبل ڈیٹ ریلیف کی تجویز سمیت مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور بھارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کورونا عالمی وبائی صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے عمان سے پاکستانیوں کی وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے پر اپنے عمان کے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی جانب سے اب تک کی جانے والی کوششوں سے عمان کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گلوبل ڈیٹ ریلیف کی تجویز سے آگاہ کیا جس پر عمان کے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ڈیٹ ریلیف مطالبے کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں اپنے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس اور بھارت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار بھی کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کووڈ 19 سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments
Post a Comment